اتوار, جون 14, 2026
اشتہار

بسنت فیسٹیول کا آغاز ، پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : بسنت فیسٹیول کا آغاز ہوگیا ، آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق بسنت فیسٹیول کے آغاز کے ساتھ ہی آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے لاہور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ بسنت کے موقع پر شہریوں کو محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور عوامی سکون میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی جبکہ دھاتی، کیمیکل اور ممنوعہ ڈور کے استعمال پر سخت کارروائی کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایئرپورٹ، فضائی راستوں، حساس تنصیبات اور ممنوعہ علاقوں میں پتنگ بازی پر پابندی بدستور برقرار ہے۔

آئی جی پنجاب نے پولیس افسران کو تین روزہ بسنت تقریبات کے دوران حکومتی ضابطہ اخلاق کی مکمل چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور قوانین کی پاسداری کریں۔

دوسری جانب ترجمان لاہور پولیس کے مطابق بسنت کے موقع پر شہر بھر میں 10 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ ریڈ زون میں 104، یلو زون میں 92 اور گرین زون میں 72 ناکہ جات قائم کیے گئے ہیں۔

روف ٹاپس، اوور ہیڈ برجز، انڈر پاسز اور انٹری و ایگزٹ پوائنٹس پر بھی پولیس تعینات ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ لاہور میں 265 ڈولفن، 122 پیرو اور 180 ایلیٹ ٹیمیں پٹرولنگ ڈیوٹی پر موجود ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کے 1300 افسران و اہلکار بھی فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ سیفٹی راڈ نصب نہ کرنے پر 44 موٹر سائیکل سواروں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کا کہنا ہے کہ بسنت کے تین روزہ فیسٹیول کے دوران حکومتی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا جبکہ پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں