جمعہ, مارچ 13, 2026
اشتہار

مریم نواز نے بسنت سے متعلق اپنی تمام مصروفیات منسوخ کر دیں

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور (6 فروری 2026): اسلام آباد کے امام بارگاہ میں خودکش دھماکے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت سے متعلق اپنی تمام مصروفیات منسوخ کر دیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں لبرٹی اسکوائر پر بسنت میگا شو بھی منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔

مریم نواز نے کہا کہ قوم خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف متحد ہو، دہشتگردوں پر کوئی رحم نہیں ہوگا مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا پاکستان زندہ باد۔

دوسری جانب، نجی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ نے کل بسنت کی اپنی تمام مصروفیات منسوخ کر دیں، مریم نواز نے کل لاہور کا انتظامی دورہ کرنا تھا۔

مریم اورنگزیب کے مطابق وزیر اعلیٰ نے لبرٹی چوک پر کنسرٹ بھی منسوخ کر دیا، ان کی کل اپنی جتنی مصروفیات تھیں وہ سب منسوخ کر دی گئیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ بسنت کی نجی تقریبات ایس او پیز کے مطابق جاری رہیں گی، تہوار دیکھنے کیلیے سفارتکار و دیگر عالمی شخصیات بھی لاہور آئے ہوئے ہیں۔

آج ترلائی کی امام بارگاہ میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 31 نمازی شہید اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے، خودکش حملہ آور کو گیٹ پر روکا گیا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، اس کا تعلق فتنہ الخوارج سے تھا۔

زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا اور علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی۔ دھماکے میں شہید ہونے والوں میں آئی جی اسلام آباد کا کزن بھی شامل ہے جبکہ دھماکے کے بعد اسپتال لائے گئے زخمیوں کی تعداد 169 ہے۔

فیصل واوڈا کا ٹوئٹ

اب سے کچھ دیر قبل سینیٹر فیصل واوڈا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ہم بے حسی کی اس حد تک گر چکے ہیں کہ جانور اور انسان کا فرق بھول گئے ہیں، آج اسلام آباد میں اتنا بڑا سانحہ ہوا جس میں 31 لوگ شہید اور 170 زخمی ہوئے ہیں، کیا کم سے کم آج کے دن بسنت اور احتجاج کی کال مؤخر نہیں کرنی چاہیے تھی؟

فیصل واوڈا نے لکھا کہ ایک طرف جنازے اُٹھ رہے ہیں اور ڈھول باجوں کی گونج میں پتنگیں اڑائی جا رہی ہیں جبکہ دوسری طرف کوئی احتجاج کی تیاری میں ہے، ہمیں احساس کب ہوگا؟

انہون نے مزید لکھا کہ ابھی بھی بسنت اور احتجاج کرنے والوں کو سب مؤخر کر دینا چاہیے، پاکستانیوں کی شہادت کا احساس کر کے غم کی گھڑی میں لواحقین کیساتھ کھڑا ہونا چاہیے، ہم سب کچھ تو شرم کریں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں