تازہ ترین

نام وَر مصوّر بشیر مرزا کا یومِ وفات

5 جنوری 2000ء کو پاکستان کے نام ور مصور بشیر مرزا وفات پاگئے تھے۔ حکومتِ پاکستان نے انھیں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی عطا کیا تھا۔

بشیر مرزا امرتسر کے تھے۔ 1941ء میں پیدا ہونے والے بشیر مرزا نے ہجرت کے بعد کراچی میں سکونت اختیار کی۔ انھوں نے لاہور کے نیشنل کالج آف آرٹس سے تعلیم مکمل کی اور بعد میں اس فن میں نام و مقام بنایا۔

انھوں نے 1962ء میں فائن آرٹ کی تعلیم مکمل کی اور 1965ء میں نائیجیریا کے سفیر کی اقامت گاہ پر کراچی میں اپنی پہلی سولو نمائش منعقد کی تھی۔ اسی سال کراچی میں دی گیلری کے نام سے اپنی ایک آرٹ گیلری کا آغاز بھی کیا جو پہلی پرائیویٹ آرٹ گیلری تسلیم کی جاتی ہے۔

1967ء میں بشیر مرزا کی مشہور ڈرائنگ سیریز پورٹریٹ آف پاکستان کا پورٹ فولیو نمائش پذیر ہوا۔ 1971ء میں انھوں نے کراچی میں Lonely Girl کے نام سے اپنی پینٹنگز کی نمائش کی اور اس کے بعد انھوں نے متعدد فن پاروں کو نمائشں کے لیے پیش کیا۔ ان کے ذریعے بشیر مرزا کی شہرت اور اس فنِ مصوّری میں ان کی مہارت کا چرچا ہوا۔

پاکستان کے محکمہ ڈاک نے پینٹرز آف پاکستان کی سیریز کے سلسلے میں بشیر مرزا کی تصویر اور ان کے فن پارے سے مزین ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا تھا۔

Comments

- Advertisement -