سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ بابر اعظم رنز نہیں کرپارہے لگتا ہے وہ 14 تاریخ کا ہی انتظار کررہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے کرکٹ اسپیشل شو میں سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں پاکستانی اسپنرز بالکل بدلے ہوئے نظر آئیں گے، بھارت کے خلاف ہمارے اسپنرز بیٹرز کو قابو میں رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ احمدآباد میں گھاس والی پچ بنائی جائے گی، شاہین آفریدی اور حسن علی فارم میں ہیں، احمدآباد میں بیٹنگ وکٹ ہی بنائی جائے گی۔
باسط علی نے کہا کہ احمد آباد میں اگر گھاس والی پچ بنادی جائے تو مزہ آجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لیے اسن ٹریک بنا، عموماً ورلڈ کپ میں ایسی پچ نہیں بنائی جاتیں۔
واضح رہے کہ پاک بھارت ٹیمیں کل احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔
ورلڈ کپ میں پاکستان نے نیدرلینڈز اور سری لنکا کو شکست دے کر ابتدائی دو میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بھارت نے آسٹریلیا اور افغانستان کو ہرا کر اپنے دونوں میچز جیت لیے ہیں۔