ممبئی: بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کرکٹ سے متعلق کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست پر بھارتی بورڈ نے اس درخواست کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بنگلادیش کے مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے خارج کیے جانے کے بعد بھارت اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
بی سی بی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بنگلہ دیش کے لیگ میچز بھارت سے نکال کر سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کرے کیونکہ فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کے آئی پی ایل سے ریلیز کیے جانے کے بعد کھلاڑیوں کی حفاظت کے بارے میں خدشات نے جنم لے لیا ہے۔
شاہ رخ خان کی آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے بی سی سی آئی کی ہدایت پر مستفیض الرحمان کو اسکواڈ سے باہر کردیا تھا، انہیں پچھلے ماہ ابوظہبی میں ہونے والی نیلامی میں 9.20 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا گیا تھا۔
اس واقعے کے بعد بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر اور سابق کپتان امین الاسلام نے ایمرجنسی بورڈ میٹنگ کے بعد کوئی عوامی بیان جاری نہیں کیا۔ تاہم بنگلہ دیش کے کھیلوں کے مشیر آصف نذرو ل کا کہنا تھا کہ انہوں نے بورڈ کو ہدایت دی ہے کہ وہ آئی سی سی کو باضابطہ طور پر درخواست بھیجے کہ بنگلہ دیش کے چار لیگ میچز سری لنکا میں کرائے جائیں۔
اپنے فیس بک پیج پر آصف نذرو ل نے لکھا کہ بورڈ کو واضح کرنا چاہیے کہ اگر ایک بنگلہ دیشی کھلاڑی، جو معاہدے کے تحت بھارت میں کھیلنے کا اہل ہے، وہاں محفوظ نہیں تو قومی ٹیم بھی بھارت میں میچ کھیلنے کے دوران محفوظ محسوس نہیں کر سکتی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ بورڈ کو باضابطہ طور پر درخواست دینی چاہیے کہ بنگلہ دیش کے ورلڈ کپ میچز سری لنکا میں ہوں۔
شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش ٹیم کو گروپ مرحلے میں 7 فروری کو ویسٹ انڈیز، 9 فروری کو اٹلی اور 14 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں میچز کھیلنا ہیں جب کہ 17 فروری کو نیپال کے خلاف آخری گروپ میچ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک سینئر عہدیدار نے بنگلہ دیش کے مطالبے کو ناقابلِ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ صرف ایک ماہ باقی رہ جانے کے بعد میچز کا مقام تبدیل کرنا ممکن نہیں ہے، کسی کی خواہش پر میچز نہیں بدل سکتے، یہ لاجسٹک طور پر بہت مشکل ہے۔
آئی پی ایل سے اخراج پر مستفیض الرحمان کا ردعمل آ گیا
بی سی سی آئی ذرائع کے مطابق ٹیموں کے ہوائی ٹکٹ اور ہوٹل بک ہو چکے ہیں، براڈکاسٹ عملہ بھی موجود ہے، اس لیے یہ کہنا آسان ہے لیکن کرنا مشکل ہے۔


