بیوٹی اور پرسنل کیئر مصنوعات کی عالمی نمائش ’بیوٹی ورلڈ دبئی 2026‘ کا آج آخری دن ہے۔
6 اکتوبر سے آج 8 اکتوبر تک دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں جاری رہنے والی اس تین روزہ نمائش میں بیوٹی اور پرسنل کیئر مصنوعات کے شعبے سے وابستہ معروف عالمی برانڈز، مینوفیکچررز، ڈسٹری بیوٹرز، خریدار اور انڈسٹری ایکسپرٹس شریک ہیں، جہاں تین روز تک کاروبار، جدت اور نیٹ ورکنگ کا زبردست سلسلہ جاری رہا۔
اپنے 30 ویں ایڈیشن کے موقع پر یہ نمائش عالمی بیوٹی انڈسٹری کو تشکیل دینے والے جدید ترین رجحانات اور پیش رفت کو اجاگر کرتی دکھائی دیتی ہے، اور ساتھ ہی کمپنیوں کے لیے بین الاقوامی کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانے اور نئی منڈیوں تک رسائی کے مواقع بھی پیدا کرتی ہے۔
اس نمائش میں 19 پاکستانی کمپنیاں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کے پویلین کے تحت شریک ہیں، پاکستانی نمائش کنندگان کاسمیٹکس، اسکن کیئر، پرسنل کیئر اور بیوٹی مصنوعات کی وسیع رینج کے ساتھ نمائش میں موجود ہیں، جس سے پاکستان کی بیوٹی انڈسٹری کے وسیع دائرہ کار اور صلاحیتوں کا اظہار ہوتا ہے۔
اس نمائش نے شرکت کرنے والی کمپنیوں کو ممکنہ خریداروں سے ملاقات کرنے، کاروباری تعلقات کو مستحکم بنانے اور برآمدات کے لیے نئی منڈیوں کی نشان دہی کرنے کے مواقع بھی فراہم کیے۔
کاس کاسمیٹکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آصف نے کہا ”بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ 2026 میں پاکستان پویلین کو بہترین مقام ملا ہے اور نمائش کا آغاز بھی بہت اچھا رہا۔ ہمیں بین الاقوامی خریداروں اور کاروباری نمائندوں کی جانب سے حوصلہ افزا دل چسپی دیکھنے کو ملی ہے۔‘‘


