جمعرات, مئی 14, 2026
اشتہار

بھکاریوں کی نگرانی بائیو میٹرک اور جدید ٹیکنالوجی سے کرنے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور میں بھکاریوں کی نگرانی بائیو میٹرک اور جدید ٹیکنالوجی سے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گداگری کے خاتمے کے لیے خیبرپختونخوا اسمبلی میں ویگرینسی ایکٹ 2026 پیش کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قانون پورے صوبے میں نافذ ہوگا اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

بل کے تحت صوبائی اسٹیئرنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا، کمیٹی کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا اختیار ہوگا۔

پہلی بار بھیک مانگنے پر ایک ماہ جبکہ دوسری بار پکڑے جانے پر ایک سال قید کی سزا تجویز کی گئی ہے، دھوکا دہی سے بھیک مانگنے پر دو سال اور منظم گروہ چلانے والوں کو تین سال قید کی سزا ہوگی۔

یہ پڑھیں: ویڈیو: سڑک پر پکڑے گئے بھکاری کے بیگ اور شاپر سے نکلنے والی رقم دیکھ کر پولیس حیران

مجوزہ بل کے مطابق بچوں سے بھیک منگوانے والوں کو چار لاکھ روپے تک بھاری جرمانہ کیا جاسکے گا، پولیس اور سوشل ویلفیئر حکام کو پیشہ ور بھکاریوں کو بغیر وارنٹ گرفتار کرنے کا اختیار ہوگا، گرفتار افراد کو 24 گھنٹے میں اسپیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنا لازمی ہوگا۔

مجوزہ قانون کے مطابق عدالت کو سزا دینے کے بجائے بھکاریوں کو بحالی مراکز بھیجنے کا قانونی اختیار ہوگا، بحالی مراکز میں بھکریوں کو فنی تربیت اور نفسیاتی مدد فراہم کی جائے گی، بھکاری بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے حوالے کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں بائیو میٹرک اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بھکاریوں کی مستقل نگرانی کا نظام وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، متن میں کہا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر بھیک مانگنا جرم قرار دیا جائے گا اور سہولت کار بھی قانون کی گرفت میں آئیں گے جبکہ صوبائی حکومت اسٹیئرنگ کمیٹی ہر تین ماہ بعد قانون پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لے گی۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں