لندن: بیگم کلثوم نواز کی تیسری سرجری جاری ہے، مریم نواز نے والدہ کیلئے سب سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی تیسری سرجری ہارلی اسٹریٹ کلینک میں جاری ہے، نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو جاری کی۔
جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا ہاتھ تھامے اسپتال میں داخل ہورہے ہیں جبکہ ایک بیٹا حسین نواز بھی انکے ہمراہ ہے۔
Arrived at the hospital for Ami’s 3rd surgery. Request for prayers. pic.twitter.com/oDni8zL5VV
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) September 20, 2017
مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ والدہ کی تیسری سرجری کیلئےاسپتال پہنچ گئے ہیں ، والدہ کیلئےسب سےدعاؤں کی درخواست ہے۔
چند روز قبل قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کامیاب قرار پائی، انہوں نے 61745 ووٹ حاصل کیے تھے۔
خیال رہے کہ نواز شریف کی بائی پاس سرجری بھی اسی اسپتال میں ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ گلے کے کینسر میں مبتلا بیگم کلثوم نواز لندن میں زیر علاج ہے ، کینسر کی تشخیص کے بعد بیگم کلثوم نواز کے دو آپریشنز ہوچکے ہیں، جس میں حلق اور سینے کا آپریشن کیا گیا تھا ، بعد ازاں ماہر معالجین کی ٹیم نے ایک اور آپریشن کا فیصلہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ عید الاضحی سے قبل لندن میں مقیم سابق وزیراعظم نواز شریف نے 8 ستمبر کو وطن واپسی کا فیصلہ کیا تھا اور ڈاکٹرز کی مشاورت سے مؤخر کردیا تھا۔