حزب اللہ کے شہید رہنما حسن نصر اللہ کے جنازے میں ایران کا اعلیٰ سطح وفد شرکت کرے گا۔
لبنان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ 23 فروری 2025 کو دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے بیروت ہوائی اڈہ بند کر دیا جائے گا اور طیاروں کو ٹیک آف اور لینڈنگ کی اجازت نہیں ہو گی۔
نصراللہ کو اس وقت شہید کیا گیا جب حزب اللہ اور اسرائیل تقریباً ایک سال سے سرحد پار دشمنی میں الجھے رہے۔ لبنانی مسلح گروپ نے غزہ میں اپنے فلسطینی اتحادی حماس کی حمایت میں اسرائیل پر حملے کیے۔
ایران کا کہنا ہے کہ جنازے میں اعلیٰ سطح وفد شرکت کرے گا تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ وفد کی قیادت کون کرے گا اس میں کون سے رہنما شریک ہوں گے۔
اتوار کو ہاشم صفی الدین کا بھی جنازہ ہو گا جو حزب اللہ کی ایک سینئر شخصیت ہیں جنہیں نصراللہ کی جانشینی کے لیے چنا گیا تھا وہ بھی اکتوبر میں ایک اسرائیلی حملے میں مارے گئے تھے۔
بیروت کے جنوبی مضافات میں ایک اسپورٹس اسٹیڈیم میں جنازے کا اجتماع ہو گا اور یہ مقام حزب اللہ کا گڑھ ہے۔
اس میں حزب اللہ کے موجودہ سربراہ نعیم قاسم کی تقریر شامل ہوگی اور اس کے بعد نصر اللہ کی تدفین کے لیے جلوس نکالا جائے گا۔