منسک : وزیراعظم محمد نواز شریف بیلاروس کے تین روزہ سرکاری دورے پر پہنچ گئے بیلاروس کے صدر، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے ایئرپورٹ پر پرتپاک خیر مقدم کیا۔
مسلح افواج کے دستے نے سلامی پیش کی۔ اور ان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، پاکستان کے کسی وزیراعظم کا بیلا روس کا یہ پہلا دورہ ہے جو وہ بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو کی دعوت پر کر رہے ہیں۔
دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور بالخصوص توانائی، سرمایہ کاری اور دفاعی پیداوار کے شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔
وزیراعظم منسک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنے خصوصی طیارے سے نیچے اترے تو ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔ اس موقع پر ہوائی اڈے کی عمارت پر پاکستان اور بیلا روس کے پرچم سربلند تھے۔
بیلاروس کے صدر، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے وزیراعظم نوازشریف اور ان کے وفد کا ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔ ہوائی اڈے سے صدارتی محل کے تمام راستے کو پاکستان اور بیلاروس کے پرچموں سے آراستہ کیا گیا تھا۔
بعد ازاں وزیراعظم نواز شریف نے بیلاروس کے صدر ایلگزینڈر لوکاشینکو سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔
وزیراعظم نواز شریف نے صدر لوکا شینکو کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ علاوہ ازیں بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بیلاروس اور پاکستان نے دہشت گردی ، انتہا پسندی اور منشیات کے خلاف مل کر لڑنے کا عزم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ بیلاروس یادگار رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہشمند ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں۔