ایشیز سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے دوران انگلش کپتان بین اسٹوکس اور مارنس لبوشین کے درمیان بحث کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سڈنی میں کھیلے جارہے ایشیز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے ہیں اور میزبان ٹیم کو انگلینڈ کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 218 رنز درکار ہیں۔
ٹریوس ہیڈ 91 اور مائیکل نیسر 1 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے دونوں وکٹیں کپتان بین اسٹوکس نے حاصل کی ہیں۔
تاہم انگلش کپتان بین اسٹوکس اور آسٹریلوی بلے باز مارنس لبوشین کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے۔
وائرل ویڈیو میں بین اسٹوکس اور مارنس لبوشین آمنے سامنے ہیں جبکہ امپائر صلح کروا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیز سیریز میں آسٹریلیا کو 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، پہلے تین ٹیسٹ میچوں میں میزبان ٹیم نے کامیابی حاصل کی جبکہ چوتھا ٹیسٹ انگلینڈ نے جیتا تھا۔


