ڈھاکا: بنگالی شوبز شخصیات نے بھی حسینہ واجد کی حکومت گرنے پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ”بنگلادیش آزاد ہوگیا“۔
رپورٹس کے مطابق بنگالی فنکاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کیا گیا، زیادہ تر شوبز شخصیات نے ملک کے قومی پرچم کی تصاویر شیئر کیں اورحسینہ واجد کے دور کے خاتمے کو آمریت کے خاتمے سے تعبیر کیا۔
اداکاروں، گلوکاروں اور ماڈلز نے طلبہ اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد کی وجہ سے ہی بنگلہ دیش آزاد ہوا،ملک سے آمریت اور کرپٹ سیاست و حکومت کا خاتمہ ہوا۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیشی فوج کی جانب سے وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے اگلے روز ملک سے کرفیو اٹھا لیا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک سے کرفیو اٹھانے کا اعلان بنگلادیشی فوج کے پبلک ریلیشن ڈپارٹمنٹ نے کیا جب کہ ملک میں تعلیمی اداروں کو بھی کھول دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دارالحکومت ڈھاکا سمیت مختلف شہروں میں اسکول، کالجز اور یونیورسٹیوں کو کھول دیا گیا ہے۔
طلبہ کی ایک بڑی تعداد تعلیمی اداروں کی بندش اور ملکی حالات کی وجہ سے اپنے آبائی علاقوں کی جانب روانہ ہوگئی تھی، جن کی واپسی میں اب وقت لگے گا۔
بنگلہ دیشی صدر نے فوج کو سخت کارروائی کا حکم جاری کردیا
بنگلادیش میں اساتذہ کی تنظیم یونیورسٹی ٹیچرز نیٹ ورک آج میٹنگ میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔