واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن سے پاکستانی سفیر سردار مسعود خان نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفیر سردار مسعود نے امریکی صدر سے ملاقات کی، ملاقات میں بائیڈن نے پاک امریکا تعلقات کے مضبوط بنیادوں پر فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا کہ ہم امریکا کے ساتھ ہر شعبے میں کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
اس ملاقات کی سرکاری تصویر بھی کھنچوائی گئی، مسعود خان 25 مارچ کو واشنگٹن پہنچے تھے اور اسی روز ان سے اسناد سفارت وصول کی گئی تھیں، امریکی صدر سے یہ ملاقات اس حوالے سے اہم ہے کہ اس سے پاکستانی سفیر کی پوزیشن کی باضابطہ توثیق ہو گئی۔
ریپبلکن قانون ساز اسکاٹ پیری نے امریکی صدر جو بائیڈن کو ایک خط لکھا تھا جس میں ان پر سردار مسعود خان کی نامزدگی کو مسترد کرنے پر زور دیا گیا تھا، بھارتی میڈیا نے اس خط کو بہت اچھالا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر بائیڈن سے آج 46 دیگر ممالک کے سفیروں نے بھی ملاقات کی، کرونا وبا کے باعث واشنگٹن میں کئی سفیر ایک سال سے صدر بائیڈن سے ملاقات کے منتظر تھے۔