بدھ, دسمبر 4, 2024
اشتہار

بائیڈن انتظامیہ کا ایک اور قدم، پاکستانی نژاد لینا خان کو اہم ذمہ داری سونپ دی

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر سخت تنقید کرنے والی پاکستانی نژاد لینا خان امریکی ٹریڈ کمیشن کی سربراہ مقرر ہو گئیں، لینا خان کی تقرری کی منظوری امریکی سینیٹ نے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی تارک وطن گھرانے کے ہاں پیدا ہونے والی لینا خان امریکا کے فیڈرل ٹریڈ کمیشن (ایف ٹی سی) کی سربراہ منتخب کر لی گئیں، لینا خان کی تقرری پر گوگل اور امیزون نے تبصرے سے انکار کیا ہے جب کہ ایپل اور فیس بک نے استفسار پر خاموشی اختیار کی۔

لینا خان کولمبیا کے لا اسکول میں پڑھاتی ہیں، وہ ہاؤس جوڈیشری کمیٹی کے اینٹی ٹرسٹ پینل کا حصہ رہیں، اس پینل نے مارکیٹ پر تسلط جمانے کے لیے الفابیٹ (گوگل، فیس بک، امیزون، ایپل کا مالک ادارہ) کی کوششوں پر طویل رپورٹ مرتب کی تھی۔

- Advertisement -

32 سالہ لینا ایم خان لندن میں مقیم پاکستانی جوڑے کے ہاں 1989 میں پیدا ہوئیں، ان کے والدین 2 دہائیاں قبل امریکا منتقل ہوئے تو اس وقت لینا خان کی عمر 11 برس تھی۔

امریکی سینیٹر الزبتھ وارن نے لینا خان کی تقرری پر ٹویٹ کرتے ہوئے اسے ’زبردست خبر‘ قرار دیا۔ سینیٹ کی جانب سے اپنی تقرری کی توثیق پر لینا خان نے ٹویٹ کیا ’میں سینیٹ کی شکرگزار ہوں۔‘

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر جو بائیڈن بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کے ایک اور ناقد ٹم وو کو نیشنل اکنامک کونسل میں منتخب کر چکے ہیں۔

اپنی ٹویٹ میں لینا خان نے کہا کہ کانگریس نے ایف ٹی سی تشکیل دیا تھا تاکہ جائز مسابقت کی حفاظت کے ساتھ ساتھ صارفین، ورکرز، دیانت دارانہ تجارت کو ناجائز اور دھوکا دہی پر مبنی کاموں سے بچایا جا سکے، میں اس مشن پر عمل اور امریکی عوام کی خدمت کی پوری کوشش کروں گی۔

لینا خان نے 2017 میں ییل لا جرنل میں ’امیزون کا اینٹی ٹرسٹ پیراڈاکس‘ کے عنوان سے ایک مضمون لکھا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ اینٹی ٹرسٹ کا روایتی فوکس قیمتوں پر ہے جو امیزون کی جانب سے اینٹی ٹرسٹ قوانین کی خلاف ورزیوں کی شناخت کے لیے ناکافی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں