لندن: برطانوی حکومت نے ملک میں مقیم غیرقانونی تارکین وطن کے لیے ویکسین ایمنسٹی کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں رہنے والے تمام افراد کو ویکسی نیشن کے عمل سے گزارنے کے لیے غیرقانونی تارکین وطن سے متعلق ویکسین ایمنسٹی کا اعلان سامنے آیا۔
برطانوی وزیرصحت میٹ ہینکوک کا کہنا ہے کہ ویکسین ایمنسٹی کے تحت غیرقانونی تارکین وطن بھی ویکسین لگوا سکتے ہیں، ملک میں 13لاکھ سے زیادہ تارکین وطن غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس امیگریشن اسٹیٹس چیک کیے بغیر لگتا ہے، ویکسی نیشن بلا تفریق کریں گے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وبا کو ویکسین کے ذریعے شکست دینے کی کوششیں جاری ہیں، برطانیہ دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے انجیکشن کی صورت ویکسی نیشن کے عمل کی شروعات کی۔
ایسٹرازینیکا کوروناویکسین کتنی فائدہ مند ہوگی؟
گزشتہ سال 9 دسمبر کو کوونٹری میں شمالی آئرلینڈ کی نوے سالہ خاتون مارگریٹ کینن کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی تھی، اس موقع پر خاتون کا کہنا تھا کہ میرے لیے یہ بڑی اعزاز کی بات ہے کہ میں دنیا میں واحد فرد بنی ہوں جس نے فائزر بائیوٹیک کوویڈ 19 ویکسین استعمال کی۔
برطانیہ کے بعد مرحلہ وار دیگر ممالک میں بھی کورونا ویکسی نیشن کا آغاز ہوا۔