سڈنی (9 اکتوبر 2026): ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے آغاز کے 10 سال بعد 2029 میں اس میں ایک بڑی خوشگوار تبدیلی کا امکان ہے۔
آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز 2019 میں کیا تھا۔ ہر دو سال کے سائیکل میں پہلے چیمپئن کا اعزاز نیوزی لینڈ نے حاصل کیا۔ آسٹریلیا نے دوسری چیمپئن شپ جیتی جب کہ حالیہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقہ ہے، جس نے 2025 میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو ہرایا تھا۔
اگلا چیمپئن کون ہوگا، اس کا فیصلہ تو اگلے برس ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 27-2026 کے فائنل میں ہوگا۔ تاہم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا سر فہرست، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور بھارت دوسری سے پانچویں پوزیشن پر ہیں اور اس میں اگلے میچز کے نتائج کی بنیاد پر ردو بدل کا قوی امکان ہے۔
اب تک ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ہر دو سالہ سائیکل میں 9 ٹیمیں شامل رہی ہیں۔ تاہم 2029 سے شروع ہونے والے چھٹے سائیکل میں اس میں ٹیموں کے بڑھائے جانے کا امکان ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے عندیہ دیا ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کو 12 ٹیموں تک وسعت دینے کا منصوبہ جلد حقیقت بن سکتا ہے۔
ٹوڈ گرین برگ کے مطابق 2029-31 کے اگلے سائیکل میں تمام ٹیسٹ کھیلنے والی اقوام کو موقع دینے کے لیے فارمیٹ میں تبدیلی پر غور جاری ہے جس میں زمبابوے، آئرلینڈ اور افغانستان بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
نئے ماڈل میں ایک میچ پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کو بھی چیمپئن شپ کا حصہ بنانے کی تجویز زیر غور ہے جس کا حتمی فیصلہ آئی سی سی کے آئندہ اجلاس میں متوقع ہے۔


