واشنگٹن: ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف ریسلر رومن رینز کینسر کو شکست دینے بعد اس موذی مرض میں مبتلا افراد کی مدد کے لیے میدان میں آگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ای میں بگ ڈوگ کے نام سے مشہور ریسلر رومن رینز نے موذی مرض میں مبتلا افراد کی مدد کا اعلان کردیا۔
لیوکیمیا اور لیمفویا سوسائٹی کے مطابق سپر اسٹار رومن رینز نے کینسر کے مریضوں اور ان کے اہلخانہ کی مدد کے لیے اس کی شراکت کے بارے میں بات کرنے کے لیے ہمارا ساتھ دیا۔
رومن رینز نے بلڈ کینسر سے صحت یابی کے حوالے سے بات کی اور بتایا کہ اپنے پیاروں کو اس مرض میں مبتلا افراد کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرنا کیوں ضروری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال رومن رینز بھی لیوکیمیا کے مرض میں مبتلا ہونے کے سبب کچھ عرصہ رنگ سے دور ہوگئے تھے اور صحت یابی کے بعد رنگ میں دوبارہ اترے تھے۔
رومن رینز ان دنوں بھی رنگ سے دور ہیں لیکن اس کی وجہ ان کی بیماری نہیں بلکہ ان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے جس کے سبب انہوں نے ریسلنگ سے کچھ عرصے کے لیے دوری اختیار کی ہوئی ہے۔
علاوہ ازیں رومن رینز کے حریف ریسلر ڈریو میکن ٹائر نے ان کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈبلیو ڈبلیو چیمپئن شپ کا تاج اپنے سر پر سجالیا ہے اور منی ان دی بینک میں میکن ٹائر نے رومن رینز کے دوست سیتھ رولنز کو شکست دے کر ٹائٹل کا کامیاب دفاع بھی کیا۔