ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ وامیگریشن (جوازات) نے پاکستان سے دوبارہ مملکت جانے کے خواہش مند ورکر کے سوال پر وضاحت پیش کی ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جوازات کے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک پاکستانی نے استفسار کیا کہ میرے اقامے پر ‘متغیب’ لکھا آرہا ہے اور میں دس مہینے سے پاکستان میں موجود ہوں کیا سعودی عرب دوبارہ واپس آسکتا ہوں؟۔
جوازات نے جواب دیا کہ غیر ملکی کارکن جب مملکت سے خروج وعودہ پر جاتا ہے، اس کا ہروب نہیں لگایا جا سکتا۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے یہ بھی کہا کہ ہروب لگانے کے لیے غیر ملکی کارکن کا مملکت میں موجود ہونا اور اس کا اقامہ کارآمد ہونا لازمی امر ہے، بصورت دیگر ہروب لگانا ممکن نہیں ہوتا۔
‘اگر کوئی کارکن چھٹی پر مملکت سے جاتا ہے تو سسٹم میں اس کا سٹیٹس ’متغیب عن العمل’ نہیں لکھا آتا۔’
خیال رہے کہ چھٹی پر گئے ہوئے کارکن کا اقامہ اسی صورت میں کفیل کینسل کرا سکتا ہے جب وہ خروج وعودہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وقت مقررہ پر واپس نہ آئے۔
اس صورت میں اسپانسر اسے ’خرج ولم یعد ‘ کی کیٹگری میں ڈال کر اقامہ کینسل کرانے کا حق دار ہوگا۔