کراچی : ڈاکو شاپنگ سینٹر کے اندر دو دکانوں سے3 کروڑ روپے مالیت کا سونا اور نقدی لوٹ کر باآسانی فرار ہو گئے، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر بلاک 17 میں واقع ایک شاپنگ سینٹر کے اندر ڈاکوؤں نے دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنسنی خیز واردات کی، 4 مسلح ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے دو دکانوں سے مجموعی طور پر 3 کروڑ روپے مالیت کا سونا اور نقدی لوٹ کر باآسانی فرار ہو گئے۔
واقعے کا مقدمہ شارع فیصل تھانے میں درج کر لیا گیا ہے ، متاثرہ تاجر اعجاز کی مدعیت میں درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق واردات میں 4 مسلح ملزمان ملوث تھے جنہوں نے دکانوں میں داخل ہو کر شدید لوٹ مار کی۔
مدعی مقدمے نے کہا کہ ملزمان ایک دکان سے 2 کروڑ 15 لاکھ روپے مالیت کا سونا اور 20 لاکھ روپے نقد رقم سمیٹ کر لے گئے جبکہ ملزمان نے اسی شاپنگ سینٹر میں موجود دوسری دکان کا رخ کیا اور وہاں موجود ملازم سے گن پوائنٹ پر 70 لاکھ روپے کا سونا چھین لیا۔
مقدمے میں کہنا تھا کہ واردات کے دوران ملزمان نے خوف و ہراس پھیلانے کے لیے فائرنگ بھی کی، جس کی وجہ سے دکان کا شیشہ ٹوٹ گیا۔
پولیس حکام نے کہا دکان کا شیشہ ٹوٹنے اور اس کے ٹکڑے لگنے کے باعث ایک ملزم خود بھی زخمی ہوا ہے، تاہم اس کے باوجود وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
حکام نے انکشاف کیا ہے کہ بدقسمتی سے جس جگہ اتنی بڑی واردات ہوئی، وہاں شاپنگ سینٹر کے سیکیورٹی اور سی سی ٹی وی کیمرے خراب تھے، جس کی وجہ سے ملزمان کی لائیو فوٹیج حاصل نہیں ہو سکی۔
تاہم واقعے کے فوراً بعد کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کر کے فنگر پرنٹس اور دیگر اہم سائنسی شواہد جمع کر لیے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے آس پاس کی دیگر عمارتوں کی مدد سے ملزمان کے آنے اور جانے کے راستوں کا تعین کر لیا ہے اور ناکہ بندی کر کے تحقیقات کا دائرہ تیز کر دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


