پیر, جون 8, 2026
اشتہار

لاہور میں پاکستان کی سب سے بڑی پتنگ نصب کردی گئی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : لبرٹی چوک میں پاکستان کی سب سے بڑی پتنگ نصب کردی گئی، پتنگ کی تیاری میں 10 دن لگے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں بسنت کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ زندہ دلانِ لاہور نے شہر کو رنگ برنگی اور بڑی بڑی پتنگوں سے سجا دیا ہے۔

لاہور کے لبرٹی چوک میں پاکستان کی سب سے بڑی پتنگ نصب کر دی گئی، جو شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کی جانب سے تیار کی گئی لکھنؤ کٹ کی یہ دیوہیکل پتنگ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر تیار کی گئی، جس کی تیاری میں دس دن لگے۔

چوک چوراہوں پر بسنت کے رنگ بکھر چکے ہیں جبکہ شہر کی اہم سڑکیں برقی قمقموں سے روشن کر دی گئی ہیں۔

شہر بھر کی مارکیٹوں میں پتنگ بازی کے سامان کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

لاہور میں دوسرے روز بھی پتنگوں اور ڈور کی خریداری 18 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جبکہ شہریوں نے دو دن میں مجموعی طور پر 34 کروڑ روپے خرچ کر ڈالے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق دوسرے روز چھ لاکھ سے زائد گڈے اور پتنگیں فروخت ہوئیں۔

پچیس سال بعد بسنت کی بحالی پر لاہوری ہر قیمت پر پتنگیں اور ڈور خریدنے کو بے تاب نظر آ رہے ہیں، لاہور میں بسنت 6، 7 اور 8 فروری کو منائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب 5 فروری کو یومِ کشمیر کے ساتھ طویل ویک اینڈ کا لطف اٹھائے گا، جبکہ 6 فروری کو بسنت کی تعطیل ہو گی۔

بسنت ہفتہ اور اتوار کو بھی منائی جائے گی، اور وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی ہے کہ پنجاب بھر کے لوگ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں