تازہ ترین

بھارت، دسہرا کی تقریب میں‌ شریک خواتین پر بلیڈ سے حملے، متعدد زخمی

نئی دہلی: بھارتی ریاست بہار میں نامعلوم افراد نے تیز دھار آلے (بلیڈ) سے حملہ کر کے متعدد خواتین کو زخمی کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے ضلع جہاں آباد میں واقع علاقے ٹھاکر باری میں مذہبی تہوار دسہرے کی تقریب میں شرکت کرنے والی دو درجن سے زائد خواتین پر نامعلوم افراد نے تیز دھار بلیڈ سے حملہ کیا۔

تقریب میں شرکت کرنے والے عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے 20 سے 30 برس لڑکیوں کو نشانہ بنایا، متاثرہ خواتین کے پشت پر  وار کیے گئے جس کی وجہ سے اُن کی کمر سے نیچے کا حصہ زخمی ہوا۔

متاثرہ خواتین میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بھی ہوئی جنہیں انتظامیہ نے مقامی افراد کی مدد سے اسپتال منتقل کیا۔ پولیس حکام کے مطابق دسہرے میلے کے اختتام پر 25 خواتین کو نشانہ بنایا گیا جس کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی اور متعدد خواتین زخمی بھی ہوئیں۔

مزید پڑھیں: امرتسر: تیز رفتار ٹرین نے سیکڑوں لوگوں‌ کو کچل دیا، 50 ہلاک، متعدد زخمی

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس افسر منیش کمار کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی، میلے میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب تھے جن کا ریکارڈ تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا۔

مقامی افراد کا کہنا تھا کہ یہ کوئی نیا واقعہ نہیں بلکہ ’دسہرا‘ تہوار کے موقع پر نامعلوم افراد گزشتہ دو سال سے حملے کررہے ہیں، انتظامیہ تمام حالات کے باوجود سیکیورٹی کے اقدامات نہیں کرسکی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی ریاست امرتسر میں دسہرا کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی،’را ون‘ کو نذر آتش کرنے کے منظر کو ریکارڈ کرنے کی کوشش کرنے والے ہزار افراد مخالف سمت سے آنے والی ٹرین کی زد میں آگئے تھے جس کے نتیجے میں 61 افراد ہلاک جبکہ متعدد شدید زخمی ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ ہندو مذہب کو ماننے والے افراد مذہبی تہوار دسہرا منا رہے ہیں جس میں وہ ’را ون‘ کو نذر آتش کرتے ہیں، واقعہ اسی دوران پیش آیا کہ جب را ون کو نذر آتش کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو لوگوں نے اس منظر کو پٹری پر کھڑے ہوکر کیمرے میں محفوظ کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

Comments

- Advertisement -