نئی دہلی(20 اکتوبر 2025): بہار میں اسمبلی انتخابات کے دوران سیاسی گرما گرمی میں اضافہ ہو گیا اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما ایک دوسرے پر سخت تنقید کرنے لگے۔
اس دوران کانگریس نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ایک مقامی شخص نے وزیراعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کی ہے، ویڈیو میں بھارتی شہری کہتا ہے کہ ’’مودی جیسا دھوکہ باز وزیراعظم ہم نے دیکھا ہی نہیں، وہ صرف بیان بازی کر کے عوام کو گمراہ کرتے ہیں اور نوجوانوں سے جھوٹے وعدے کرتے ہیں لیکن اس بار بہار میں ان کی دال گلنے والی نہیں ہے۔‘‘
کانگریس نے اس ویڈیو کے ساتھ ٹوئٹر پر لکھا کہ بہار میں یہ مقامی شخص مودی کی حقیقت بیان کر رہا ہے، سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ بیان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ عوام میں حکومتی وعدوں کے بارے میں بڑھتی ہوئی ناراضگی دیکھی جا رہی ہے۔
اس سے قبل بھی اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم مودی پر بیان بازی کے الزامات عائد کرتی رہی ہیں، حال ہی میں آر جے ڈی کے رہنما تیجسوی یادو نے کہا تھا کہ وزیراعظم صرف جملوں کی بارش‘ کرنے کے لیے بہار آ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی حقیقی ترقیاتی کام نہیں ہو رہا اور وہ صرف مہاجرین کی بات کریں گے، جبکہ بہار کے عوام کے بنیادی مسائل، جیسے تعلیم، روزگار اور غریبوں کی فلاح، پر توجہ نہیں دی جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


