تلنگانہ: بھارتی ریاست تلنگانہ میں ایک شہری نے پکڑے جانے پر ٹریفک اہل کار کے سامنے اپنی بائیک کو آگ لگا دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تلنگانہ کے شہر ورنگل میں نشے میں دھت ہو کر موٹر سائیکل چلانے والے شخص کو ٹریفک اہلکار نے پکڑ لیا، جس پر اس نے پولیس اہلکار کے سامنے اپنی بائیک کو آگ لگا دی۔
رپورٹس کے مطابق ورنگل ٹریفک پولیس حکام کی ہدایت پر رات کے وقت نشے کی حالت میں گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف مہم چلائی جا رہی تھی، اس دوران شیو نگر سے تعلق رکھنے والا شہری شیوا شراب کے نشے میں دھت بائیک چلاتے ہوئے پکڑا گیا۔
پولیس کی جانچ کے دوران شہری نشے کی حالت میں ملا، تاہم روکے جانے پر شہری پولیس اہلکار کے ساتھ جھگڑنے لگا، اہلکار نے کہا کہ اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ شہری نے اس پر غصے میں آ کر بائیک کا پٹرول پائپ نکال کر اسے آگ لگا دی، شہری کا کہنا تھا کہ وہ نشے میں نہیں ہے۔
تاہم ٹریفک پولیس کے اہل کاروں نے فوری طور پر حرکت میں آ کر قریبی دکان سے پانی لا کر آگ پر قابو پا لیا۔