اسلام آباد : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول اور آصفہ بھٹو نے والد سے ملاقات کے لیے نیب راولپنڈی کو درخوست دے دی،جس میں کہاگیا والد کی صحت اور قانونی امور پر مشاورت کرنی ہے ، آج شام والد سےملاقات کاانتظام کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول اور ان کی بہن آصفہ بھٹو نے والد سے ملاقات کے لیے نیب راولپنڈی کو درخوست دے دی
ہے ، درخواست میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری سےملاقات کے لیے آج شام 6 بجے کا وقت دیا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ والد کی صحت اور قانونی امور پر مشاورت کرنی ہے، احتساب عدالت نےوالد سے ملاقات کی اجازت دے رکھی ہے، نیب آج شام والد سےملاقات کاانتظام کردے۔
خیال رہے آصف علی زرداری جسمانی ریمانڈ پر نیب روالپنڈی کی حراست میں ہیں، ان پر جعلی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کاالزام ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز سابق صدر آصف علی زرداری کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا ، اس موقع پر بلاول بھٹو بھی عدالت پہنچے تھے۔
مزید پڑھیں : جعلی اکاؤنٹس اور پارک لین ریفرنس: آصف زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں 8 اگست تک توسیع
بعد ازاں احتساب عدالت نے نیب کی مزید 10 روز کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے آصف زرداری کےجسمانی ریمانڈمیں 8 اگست تک توسیع کردی تھی۔
سابق صدر آصف علی زرداری کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی تھی، جج محمد بشیر نے کہا تھا ٹھیک ہے 10دن بعد آپ کی نیب سے جان چھوٹ جائے گی، جس پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ نیب سے ہم جان چھڑانانہیں چاہ رہے۔
دوسری جانب نیب نے آصف زرداری، فریال تالپور کے خلاف مزید شواہد حاصل کرلیے ہیں، جس میں بتایا گیا کہ پلاٹوں کی خریداری کے لیے ادائیگی جعلی اکاونٹ سے کی گئی۔