رحیم یارخان : پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تخت لاہور کےحکمرانوسن لو،جنوبی پنجاب کےلوگ میرےساتھ اعلان بغاوت کرتےہیں، عوام چاہتے ہیں تو الگ صوبہ بن سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے رحیم یار خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل جب وہ جلسہ گاہ پہنچے تو کارکنان نے ان کا پرجوش طریقے سے استقبال کیا۔
اپنے خطاب کے دوران پی پی کے نوجوان قائد نے تخت لاہور کے خلاف بغاوت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خواہش پر جنوبی پنجاب کا صوبہ بنے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اورنج لائن کا بجٹ جنوبی پنجاب کے پورے ترقیاتی بجٹ سے زیادہ ہے۔ یہاں کے لوگوں کو پی پی سے محبت کی سزا دی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا بھٹو نے نعرہ لگایا تھا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔ ۔ شہید بھٹو امیر اور غریب کے لیے الگ الگ پاکستان نہیں چاہتے تھے آج بات کرنے والے بہت لیکن غریب کے لیے جان دینا صرف بھٹو جانتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا میری محترمہ نے اپنے والد کے علم کو بلند کیا اور محترمہ نے غریبوں کے حقوق کی جنگ جاری رکھی جس کیلئے سسٹم کیخلاف بغاوت کی اور محترمہ شہید عورت ہونے کے باوجود ہر ظالم سے ٹکرائیں۔
شہید بھٹو کے نواسے نے پھر سے وہ جھنڈا اٹھا لیا ہے اور کبھی آپ کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے سبزی منگوا کر کسانوں کا استحصال کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب۔۔!! آپ نے کسانوں سے اچھے مستقبل کا خواب چھین لیا ہے، پی پی چیئرمین کا قافلہ جس طرح پنڈال میں داخل ہوا تھا اسی طمطراق سے واپس روانہ ہوا۔