بدین: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی پی واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ پانی پر کام کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وہ بدین میں انتخابی مہم کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کر رہے تھے، بلاول کا کہنا تھا کہ پانی کی پالیسی پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے۔
پی پی چیئرمین نے کہا شہید بھٹو نے آپ کے سامنے ایک منشور پیش کیا تھا، یہ میرا پہلا منشور ہے، ہم عوام کو بھوک مٹاؤ پروگرام کے تحت فوڈ کارڈ دیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کو فوڈ کارڈ پر کھانے پینے کی چیزیں کم قیمت پرملیں گی، بھوک مٹاؤ پرواگرام سےغذائی قلت اور بے روزگاری کا مقابلہ کیا جائے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کی حکومت نے پانی کا ایک بھی منصوبہ نہیں بنایا، ہمیں مستقبل میں پانی کے بڑے مسائل کو حل کرنا پڑے گا، ہم سمندر کے پانی کو میٹھا کر کے آپ تک پہنچائیں گے۔
میری کسی سے ڈیل ہوتی، تو اسماعیل ڈاہری گرفتارنہ ہوتے: آصف زرداری
بلاول بھٹو زرداری نے کہا بی بی کا وعدہ نبھانا ہے، میں ان کے نامکمل مشن کو مکمل کرنا چاہتا ہوں، ہم غریب خواتین کو بلاسود قرضے دیں گے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر نے جو وعدے کیے انھیں پورا کیا، اب جو وعدے بلاول بھٹو کر رہا ہے وہ انھیں پورا کرے گا، اگر عوام کا ساتھ ہو تو ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔
خیال رہے ان دنوں بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں سندھ بھر میں ریلیاں نکال رہے ہیں، گزشتہ روز کراچی کے علاقے لیاری میں بھی ریلی نکالی تاہم انھیں علاقہ مکینوں کے شدید پتھراؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔