چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کا کہنا ہے کہ وفاق سے درخواست ہے کہ آزاد کشمیر میں احتجاج کرنے والے بات چیت کو تیار ہیں آپ بھی کارروائیاں روکیں۔
آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر ایک ماہ سے ایسے امتحان میں ہے جو پوری دنیا دیکھ رہی ہے، صورت حال کا نقصان صرف کشمیری اٹھا رہے ہیں، احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ افراد آپ کے مطابق غلط ہیں سزا پورے کشمیر کو نہیں دی جاسکتی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ احتجاج کرنے والے اور ریاست چلانے والوں سے درخواست ہے اتنی گنجائش رکھیں عام کشمیری کو تکلیف نہ ہو۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ جی بی اور آزاد کشمیر کے آدھے مسئلے اسی وجہ سے ہیں جو وفاق میں ہے وہ زبردستی یہاں اپنی حکومت بناتا ہے، جی بی پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی اب آزاد کشمیر میں بھی عوام ہمیں کامیاب کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئین سازی سڑکوں پر نہیں ہوتی یہ مشاورت سے ہوتی ہے، الیکشن کے بعد ہم آزاد کشمیر، جی بی میں آئینی کنونشنز بلائیں گے اور لوگوں کو موقع دیں گے کہ اصلاحات کے لیے تجویز دیں، کشمیر کا فیصلہ صرف عوام نے خود کرنا ہے کوئی اور نہیں کرسکتا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر کہتا ہے 12 سیٹیں ہماری جیب میں ہیں جس کی ذہنیت یہی ہوگی تو ان کو کشمیر کی کوئی فکر ہی نہیں، ان کو کوئی پرواہ نہیں کہ میرپور، کوٹلی سے کون نمائندہ جیتے گا۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کشمیر کا فیصلہ اسلام آباد نہیں بلکہ کشمیری نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، ہم آزاد کشمری میں شیر کا شکار کریں گے، مہاجرین کی سیٹوں سے بھی جیتیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 27 جولائی کو الیکشن میں پیپلزپارٹی جیتے گی اور تاریخ رقم کرے گی، آزاد کشمیر کے عوام کو حقوق میں اور آصفہ بھٹو مل کر دلوائیں گے۔


