نوڈیرو: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی مل کر اور اکیلے بھی اپوزیشن کرنے کے لیے تیار ہے، حکومت کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ای سی اجلاس میں استعفوں کے آپشن پر مشاورت کریں گے، عمران خان حکومت سے ہر چیز کا حساب لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے لیے پیپلزپارٹی نے بڑی تیاری کی تھی، لانگ مارچ کے لیے کراچی سے نکلتے اور لاہور میں وزیراعلیٰ کو اڑاتے، وزیراعلیٰ کو گراکے اسلام آباد پہنچتے، اسلام آباد پہنچتے ہی وہ خود ہی بھاگ جاتے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی میں جن جماعتوں نے گیلانی کو نااہل کرایا آج انہوں نے ہی جتوایا، یوسف رضا گیلانی کو جتوانے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، بڑے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ماضی کی باتوں کو بھلایا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہماری مہنگائی کی شرح افغانستان اور بنگلہ دیش سے آگے ہے، آزادی سے اب تک اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جتنی اس دور حکومت میں ہوئی، حکومت نے ملک کو تباہ کردیا۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری انداز میں تحریک چلانا صرف پیپلزپارٹی جانتی ہے، ایک تجویز آئی تھی پارلیمان چھوڑ دو، پیپلزپارٹی نے ضمنی الیکشن اور سینیٹ الیکشن حصہ لیا، انتخابات میں حصہ لے کر حکومت کو شکست دی۔