ٹھٹھہ: پاکستان پیپلزپارٓٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل اب میں خود حل کروں گا، مل کر بی بی کا وعدہ نبھانا ہے اور پاکستان کو بچانا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھٹھہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ ٹھٹھہ میں شاندار استقبال پر عوام کا شکر گزار ہوں، ان کا کہنا تھا کہ ملک کی تقدیر بدلنا چاہتا ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا عوام دوست منشور بنایا گیا ہے، پیپلزپارٹی نے اپنا منشور پیش کردیا ہے، پیپلزپارٹی منشور ہمیشہ عوام سے شروع ہوتا ہے، بھوک مٹاؤ پروگرام کے تحت فوڈ کارڈ جاری کریں گے، لوگوں کو فوڈ کارڈ دیں گے جس سے کھانے پینے کی اشیاء سستی ملیں گی، ہر یوسی میں فوڈ اسٹور کھولیں گے جنہیں خواتین چلائیں گی۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ٹھٹھہ میں پہلی بار ووٹ مانگنے آیا ہوں، پہلی مرتبہ عام انتخابات میں حصہ لے رہا ہوں، ہم نے بینظیر انکم سپورٹ جیسے انقلابی پروگرام شروع کیے، مل کر بی بی کا وعدہ نبھانا ہے اور پاکستان کو بچانا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر عوام میرے ساتھ ہیں تو ہمیں کوئی نہیں روک سکتا ہے، مجھے آپ کا ساتھ چاہئے، عوام میرے بازو بنیں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ لوگوں کی خدمت کی ہے۔
قبل ازیں ترجمان بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ قوم کو بلاول بھٹو کی شکل میں ایک اور وفاق کی علامت مبارک ہو، بلاول اپنے نانا اور والدہ کی وراثت پر چلتے ہوئے وفاق کی سیاست کررہے ہیں، بلاول بذریعہ سڑک لاہور اور خیبرپختونخوا بھی جائیں گے۔