اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بجٹ کو زبردستی پاس کرایا گیا، ہمارے دو ممبران کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پارلیمان کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جو بجٹ پاس کیا ملکی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا، موجودہ اسپیکر جیسے ایوان چلا رہے ہیں، ایسا آمروں کے دور میں بھی نہیں ہوا۔ آپ نے ہمارے دو ممبران کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے دھاندلی کرکے بلز پاس کرائے، سندھ اور تھر پر حملہ کیا، میرے صوبے اور میرے تھر کا معاشی قتل ہورہا ہے، یہ ظالمانہ اقدام ہے۔
مزید پڑھیں: قومی اسمبلی سے آئندہ مالی سال کا بجٹ منظور، اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد
بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کا خون چوسا جارہا ہے۔ کسانوں مزدوروں کا معاشی قتل ہورہا ہے، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا اس بجٹ میں ایک بھی نوکری نہیں دی۔ عوام کب تک برداشت کریں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آپ غریبوں پر بوجھ ڈال کر امیروں کو ریلیف دے رہے ہیں، میں اس ظلم کے خلاف باہر نکل رہا ہوں، کل گوجر خان میں پیپلزپارٹی کا جلسہ ہے، جلسے میں بتاؤں گا کس طریقے سے ملک کا بیڑہ غرق کیا گیا ہے۔