لاہور : پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کیلئے سخت قانون سازی کی ضرورت پر زور دیا ۔
خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ماؤں بہنوں کو تحفظ کا مکمل احساس فراہم کیا جائے اور تشدد کا سامنا کرنے والی خواتین کو جلد انصاف کی فراہمی بہت ضروری ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نےخواتین کے مساوی حقوق کیلئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی خواتین کے خلاف کسی بھی قسم کا تشدد برداشت نہیں کرے گی کیونکہ وہ پاکستانی قومیت کی مساوی حصہ دارہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی وہ واحدسیاسی جماعت ہے جو تمام شعبوں میں خواتین کو برابر کا رتبہ دے رہی ہے، انھوں نے اجتماعی آزادی اور خودانحصاری کے لیے خواتین کو زیادہ سے زیادہ پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی۔
انکا مزید کہنا تھا کہ معاشرے کے پسماندہ سطح کی خواتین کو آگے لانے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا،لیکن خواتین کے حقوق کے لیے ابھی اور بہت کچھ کرنا ہے،میری جماعت ماضی کی طرح مستقبل میں بھی ایسی کاوشیں اولیت کے بنیاد پر کرتی رہے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی خواتین کے لیے مزید مواقع کھولے گی اور وہ دور دراز علاقوں میں یا فرنٹ لائن پر معاشرے کے آدھے حصے کے طور پر اپنا بھرپور اور متحرک کردار ادا کریں گی۔