کراچی : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں اسمبلیوں سے مستعفی ہونے پی ڈی ایم کے مستقبل کے حوالے سے غور خوص کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 5اپریل کو بلاول ہاؤس کراچی میں تمام پی پی پی ارکان پارلیمنٹ کو طلب کیا ہے۔ اجلاس میں آصف زرداری خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔
پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت اسمبلیوں سے مستعفی ہونے، پی ڈی ایم کے مستقبل اور دیگر امور پر گفتگو ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی سی ای سی کا اجلاس دوپہر ایک بجے بلاول ہاؤس میں ہوگا، بلاول بھٹو نے ہدایت کی ہے کہ کراچی نہ آنے والے تمام ارکان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں۔
مزید پڑھیں : پی پی کے استعفوں پر تحفظات، پی ڈی ایم کا لانگ مارچ ملتوی کرنے کا اعلان
واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ (پی ڈی ایم) کے گزشتہ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے حوالے سے تحفظات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے لانگ مارچ ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔