کوئٹہ : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پرامن پاکستان اور خوشحال بلوچستان چاہتا ہوں، اقتدار میں آکر کسان کارڈ متعارف کرائیں گے۔
یہ بات انہوں نے ہولوگرام ٹیکنالوجی کے ذریعے کوئٹہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آتی ہے کسانوں، غریبوں اور مزدوروں کیلئے کام کرتی ہے، پیپلزپارٹی ہمیشہ ہم اقتدارمیں آکر کسان کارڈ متعارف کرائیں گے کیونکہ کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہم ملک سے بیروزگاری اور بھوک کا خاتمہ کریں گے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں توسیع کی جائے گی۔
بلاول بھٹو نے بلوچستان کے عوام کو اپنا منشور پیش کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت بنانے کے بعد غربت مٹاؤ پروگرام پورے بلوچستان میں شروع کریں گے، بلوچستان کے عوام کو سندھ میں آکرعلاج کرانا پڑتا ہے،انہیں ان کے صوبے میں ہی صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے عوام سے اپیل کی کہ بلوچستان کےعوام نے ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر شھید کا ساتھ دیا اب میرا ساتھ دیں، میں پرامن پاکستان اورخوشحال بلوچستان چاہتاہوں، پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح ہے کہ بلوچستان کے مسائل ہوں۔