لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت کو نواز شریف سے خطرہ ہے، پیپلزپارٹی نے جمہوریت کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوریت کے خلاف ہر سازش میں نواز شریف پیش پیش ہوتے تھے، میاں صاحب صرف اپنا فائدہ دیکھتے ہیں انہیں جمہوریت کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا نواز شریف سے ملاقات کا کوئی موڈ نہیں، سابق وزیر اعظم ہمیشہ موقع پرست ثابت ہوئے ہیں، ان کو نظریے کے بارے میں علم ہی نہیں، وہ اس کے مطلب سے لاعلم ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں بشمول پی ٹی آئی نواز لیگ اور دیگرمتفق ہیں کہ ملک میں جمہوریت چلتی رہے، جمہوریت کے استحکام کے لیے تمام سیاستدانوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، پیپلزپارٹی ہمیشہ جمہوریت کے ساتھ کھڑی رہی اور کھڑی رہے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سویلین بالادستی سے متعلق پیپلزپارٹی کا آج بھی وہی موقف ہے، نواز شریف بھی سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی طرح عدالتی دل سے فیصلہ تسلیم کریں۔