لاہور : پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخاب میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے اور آئندہ صدر، وزیراعظم، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور میئر کراچی اور حیدرآباد پی پی کا ہوگا۔
وہ بلاول ہاؤس لاہور میں جاری پاکستان پیپلز پارٹی کی یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں لگنے والی آگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے فاتح خوانی کروائی اور سندھ حکومت کو ملزمان کے خلاف تادیبی کارروائی کر کے عدالت مین کٹہرے میں لانے کی ہدایات جاری کیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میں ایک ہفتے سے پنجاب میں موجود ہوں لیکن یہاں سیاست کے لیے نہیں آیا ہوں بلکہ پنجاب میں جمہوری قبضے کے لیے لاہور آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ان ن لیگ ایکشن پلان بن چکا ہے، جس کی آڑ میں دہشت گردوں کو نشانہ بنانے کے بجائے کبھی ڈاکٹر عاصم حسین جیسے سیاسی ورکرز تو کبھی ایان ملک کو پکڑ کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔
بلاول بھٹو نے چوہدری نثار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ کم ہمت ہیں وہ دہشت گردوں کے بجائے سیاسی جماعت کو نشانہ بنا رہے ہیں یہ وہی شخص ہیں جنہوں نے بیت اللہ محسود کے قتل ہونے پر غم کا آنسو کے بہا رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے مقابلہ ہمارے فوجی جوان کر رہے ہیں،عام عوام کر رہے ہیں اور بھٹو کے اہلِ خانہ اپنی جانوں کے نذرانے دے کر دہشت گردوں سے مقابلہ کر رہے ہیں چوہدری نثار تو صرف سیاسی انتقام لے رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر یہی جذبہ رہا تھا تو ہمارا وزیراعظم ہو گا، صدر ہمارا ہوگا، پنجاب سمیت تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ پیپلز پارٹی کا ہوگا سندھ کا گورنر بھی پی پی کا ہوگا اور میئر کراچی اور حیدر آباد بھی پی پی کا ہوگا۔
آخر میں انہوں نے پارٹی کے حق میں کارکنان سے بلند شگاف نعرے لگوائے اور گلگت بلتستان اور کوہستان میں جلسہ عام کرنے کا بھی اعلان کیا۔