تازہ ترین

او آئی سی کشمیریوں کیلئے آواز بلند کرے، بلاول بھٹو

اسلام آباد : وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم مسلم دنیا کا سب سے بڑا نمائندہ پلیٹ فارم ہے، او آئی سی کشمیریوں کیلئے سفارتی کوششیں کرے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سیکریٹری جنرل او آئی سی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سیکریٹری جنرل او آئی سی کو پاکستان آمد پرخوش آمدید کہتے ہیں، اسلامی تعاون تنظیم دنیا کے 56 مسلم ممالک کے 1.9بلین لوگوں کی مشترکہ آواز ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پوری مسلم دنیا کا سب سے بڑا نمائندہ پلیٹ فارم ہے، او آئی سی کے مسلم ممالک کیلئے کردار کو سراہتے ہیں۔

وزیرخارجہ نے بتایا کہ سیکریٹری جنرل او آئی سی اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے خصوصی ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ وہ آزاد جموں و کشمیر کا دورہ بھی کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے بحیثیت وزیرخارجہ او آئی سے کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا معاملہ اٹھایا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے، مسئلہ کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہی ہونا چاہیے۔

وزیرخارجہ نے بتایا کہ او آئی سی کی جانب سے بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی ہے، اسلامی تعاون تنظیم کشمیریوں کیلئے سفارتی کوششیں کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل او آئی سی سے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ او آئی سی17ویں وزرائے خارجہ اجلاس میں افغانستان کے حوالے سے جو سفارشات پیش کی گئیں ان پر عمل درآمد کے حوالے سے سیکریٹری جنرل او آئی سی سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

Comments

- Advertisement -