چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ این ایف سی میں صوبوں کے شیئر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ آئین کے مطابق این ایف سی کے تحت صوبوں کے فنڈز بڑھ سکتے ہیں کم نہیں ہوسکتے، این ایف سی میں صوبوں کے فنڈز کم کرنے کی ہر صورت مخالفت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک اس پارلیمنٹ میں ہیں صوبوں کے حقوق پر ضرب نہیں آنے دیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی 27ویں ترمیم کے تین نکات پر سپورٹ کرے گی، آرٹیکل 243، آئینی عدالت، ججز ٹرانسفر سے متعلق معاملات پر سپورٹ کریں گے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ آئینی عدالت پر بھی اس وقت سپورٹ کریں گے جب میثاق جمہوریت کے دیگر نکات پر بات ہوگی، میثاق جمہوریت کے دیگر نکات پر بھی حکومت سے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔
یہ پڑھیں: پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس کا احوال
انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن اور دہری شہریت کے معاملے پر سی ای سی میں اتفاق نہیں ہوسکا، پیپلزپارٹی کی تجویز ہے کہ ٹرانسفر عدالت کے چیف جسٹس اور جہاں ہورہے ہیں وہاں کے چیف جسٹس کی اجازت سے ٹرانسفر ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آئین کے مطابق صدر جج کی اجازت کے ساتھ ٹرانسفر کرسکتے ہیں، حکومت کی تجویز ہے کہ ججز کی تعیناتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی ٹرانسفر کا فیصلہ کرے، ہم سمجھتے ہیں ججز کے ٹرانسفر سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے پاس اختیار ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن مناسب فورم ہے اور وہاں سے مناسب فیصلے لیے جائیں گے۔


