کراچی: ترجمان بلاول ہاؤس نے تحریک انصاف کے رہنماء خرم شیر زمان کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کنٹینر لگائے گئے ہیں اور محرم الحرام کے دوران بھی اسی طرح سیکیورٹی ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان نے سندھ حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ ’’کارکنان کو جلسے میں شرکت سے روکنے کے لیے نشتر پارک کے اطراف میں کنٹینر لگا دئیے گئے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لگائے جانے والے کنٹینر کو فوری طور پر ہٹایا جائے کیونکہ عوام کی بڑی تعداد جلسے میں شرکت کی خواہش رکھتے ہیں۔
پڑھیں: تحریک انصاف کا نشتر پارک کے اطراف سے کنٹینر ہٹانے کامطالبہ
ترجمان بلاول ہاؤس نے تحریک انصاف کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’محرم کے دوران بھی اسی طرح کی سیکیورٹی کے انتظامات کیے جاتے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال خراب نہ ہو سکے، ترجمان کا کہنا ہے کہ ’’ہر چیز کلئیر ہے مگر پی ٹی آئی نے تین بار جلسے کا وقت تبدیل کیا پہلے 1 بجے دوپہر، پھر شام چار اور اب رات کو 7 بجے کا وقت دیا گیا تاہم اب وقت اُس سے بھی اوپر ہوگیا ہے‘‘۔
مزید پڑھیں: کراچی: عمران خان کا اے آر وائی نیوز کے دفتر کا دورہ
ترجمان بلاول ہاؤس کا کہنا ہے کہ ’’جلسے میں اتنی تاخیر کے باوجود نشتر پارک تاحال خالی پڑا ہے اور پچھلی تمام کرسیاں خالی ہیں، تحریک انصاف کے رہنماء سندھ حکومت پر الزام عائد کر کے کھمبا نوچنے کی کوشش کررہے ہیں‘‘۔
خبر پڑھیں: وزیراعظم نجم سیٹھی کو کپتان بنادیں،عمران خان کا طنز
دوسری جانب سندھ پولیس نے تحریک انصاف کے الزام کے جواب میں کہا ہے کہ ’’جلسہ گاہ کی طرف جانے والا کوئی راستہ بند نہیں ہے، تحریک انصاف کو دئیے گئے سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جارہا ہے‘‘۔