اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت کرونا کے معاملے پر سیاست کررہی ہے، اگر کراچی میں بھارت جیسے حالات ہوئے تو ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔
اسلام آباد میں آزاد کشمیر الیکشن برائے 2021 کے امیدواران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے الزام عائد کیا کہ کرونا پر حکومت سیاست کررہی ہے اور سنجیدگی کا مظاہرہ بالکل نہیں کررہی، ہمارےہاں ایک نہیں دوپاکستان ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’کراچی میں 30 فیصد سے زائدکرونا کے کیسز مثبت آ رہے ہیں، سندھ حکومت کو اقدامات کرنے پر جاہل قرار دیا جارہا ہے، حکومتی وزرا کراچی کی کرونا صورت حال پر بیان بازی کررہے ہیں، اگر خدا نخواستہ کراچی میں بھارت جیسے حالات ہوئے تو ذمہ دار حکومت اور عمران خان ہوں گے‘۔
پی پی چیئرمین نے الزام عائد کیا کہ ’وفاقی حکومت نے سندھ میں ویکسی نیشن مہم کو متاثر کیا ہے، سندھ حکومت نےلاک ڈاؤن سے متعلق فیصلےحالات کے پیش نظر کیے ہیں کیونکہ ہم جھوٹے اعداد و شمار جاری نہیں کرتے، کراچی میں خطرناک طور پر بیماری میں اضافہ ہورہا ہے‘۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ’سیاسی وجوہات کی بنا پر انسانی زندگیوں کے ساتھ کھیلا جارہا ہے، حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور اپنے وزرا کو غیر ضروری بیان بازی باز رہنے کی ہدایت کرے‘۔