اسلام آباد : عازمین حج کے لئے وزارت مذہبی امور کے 7 ڈائریکٹوریٹس میں بائیومیٹرک سہولت ڈیسک کے قیام کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور میں حج آپریشن کے جائزے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں سعودی تاشیرہ سینٹر، حج ڈائریکٹوریٹ، پنجاب آئی ٹی بورڈ، موبائل آپریٹرز اور حج ونگ کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاک حج ایپ کے ذریعے عازمین حج کو سعودی ویزہ بائیومیٹرک کی اہمیت سے مؤثر طور پر آگاہ کیا جائے۔
تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی گئی کہ سعودی بائیومیٹرک کے حوالے سے عازمین کو بھرپور رہنمائی اور سہولت فراہم کی جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ متعلقہ بینک برانچیں عازمین حج کو سعودی ویزہ بائیومیٹرک کے عمل میں معاونت فراہم کریں گی۔ عازمین کی سہولت کے لیے تاشیرہ سینٹرز صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک خدمات فراہم کریں گے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ وزارت مذہبی امور کے سات ڈائریکٹوریٹس میں بائیومیٹرک سہولت ڈیسک قائم کیے جائیں گے تاکہ عازمین کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی ویزہ بائیومیٹرک مکمل کرنے کی آخری تاریخ 17 فروری ہے، جس میں مزید توسیع ممکن نہیں ہوگی۔
انہوں نے رہ جانے والے عازمین کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر سعودی ویزہ بائیومیٹرک کا عمل مکمل کریں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے واضح کیا کہ سعودی ویزہ بائیومیٹرک کے بغیر حج ویزہ کا حصول ممکن نہیں ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


