ایئرپورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں پھر اضافہ ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق رواں سال جنوری سے ستمبر کے دوران طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 176 واقعات ہوئے اور ان میں اکثریت واقعات قومی ایئرلائن کی پروازوں کے ساتھ پیش آئے۔
طیارے سے پرندہ ٹکرایا، اللہ نے حادثے سے محفوظ رکھا، قیصر نظامانی
پی آئی اے کی پروازوں پر 9 ماہ میں پرندے ٹکرانے کے 90 واقعات ہوئے جس میں لاہور16، اسلام آباد 15، ملتان 13 اور کراچی میں پرندے ٹکرانے کے 9 واقعات رپورٹ ہوئے۔
ستمبر میں قومی ائیرلائن کی پروازوں سے پرندے ٹکرانے کے 26 واقعات ہوئے۔ 2024 میں ستمبر میں پرندے ٹکرانے کے 10 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق پرندے ٹکرانے کے زیادہ واقعات اپروچ اور لینڈنگ کے دوران پیش آئے، قومی ائیرلائن کے 8طیاروں کوجزوی اور شدید نوعیت کا نقصان پہنچا۔
پی آئی اے کے فلیٹ میں شامل ائیربس 320 کو سب سے زیادہ 68 واقعات پیش آئے۔
حال ہی میں شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار قیصر خان نظامانی کا کہنا ہے کہ طیارے سے پرندہ ٹکرایا، اللہ نے حادثے سے محفوظ رکھا۔
اداکار قیصر نظامانی نے کہا کہ لاہور سے کراچی کی پرواز کے طیارے سے پرندہ ٹکرایا، پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا اور حادثے سے محفوظ رکھا۔
اداکار نے شہریوں سے درخواست کی کہ ایئرپورٹ اور اطراف میں پرندوں کو دانہ نہ ڈالیں۔
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں


