تازہ ترین

نیوزی لینڈ کے بعد برمنگھم میں 3 مساجد پرنامعلوم افراد کا حملہ

برمنگھم : نیوزی لینڈ کے بعد برمنگھم میں تین مساجد پرنامعلوم افراد نے حملہ کرکے ہتھوڑوں سے مساجد کے شیشے توڑ دئیے، واقعات کے بعد مسلم کمیونٹی میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہربرمنگھم میں تین مساجد پرنامعلوم افراد نے حملہ کردیا اور ہتھوڑوں سے مساجد کے شیشے توڑ دئیے، ویسٹ مڈلینڈ پولیس نے 2مساجد پر حملے کی تصدیق کردی ہے جبکہ تیسرے حملے پر تفتیش جاری ہے۔

برطانوی میڈٰیا کے مطابق مساجد میں توڑ پھوڑ کے واقعات کے بعد مسلم کمیونٹی میں خوف وہراس پھیل گیا، پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔ عوام کواحتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

برمنگھم قونصل آف مساجد نے پولیس سے مزید سیکیورٹی مانگ لی ہے ، مساجد پر حملے اور توڑ پھوڑ میں شدت پسندوں کےملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

گذشتہ روز برطانوی شہر مانچسٹر کی جامع مسجد میں نا معلوم انتہا پسند نے کال کر کے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ برطانیہ چھوڑ دیں اور کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ کے حملے کی بھی حمایت کی تھی۔

مزید پڑھیں : برطانیہ چھوڑ دو، مانچسٹر کی جامع مسجد میں انتہا پسند کی کال

برطانوی پولیس کی ایک رپورٹ کے مطابق کرائسٹ چرچ کے حملے کے بعد اب تک نسل پرستی اور اسلام دشمنی کے 11 واقعات درج ہوئے، پولیس نے 3 افراد کو گرفتار کیا، 2 کو نسلی نفرت کے مقدمات میں چارج کیا گیا۔

یاد رہے برطانوی حکومت نے عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کیلئے فنڈنگ بڑھانے کا اعلان کیا تھا، برطانوی وزیرداخلہ ساجد کا کہنا تھا کہ عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کیلئے5ملین پاؤنڈکانیافنڈجاری ہوگا، مسلمان خودکوغیرمحفوظ سمجھ رہےہیں،تحفظ فراہم کریں گے۔

برطانوی وزیرداخلہ نے مزید کہا نیوزی لینڈحملہ ہماری روایات پرحملہ ہے۔

مزید  پڑھیں:  برطانیہ میں مسلمانوں پر کرائسٹ چرچ کی طرح حملوں کا خطرہ ہے، برطانوی وزیر

اس سے قبل برطانوی وزیر سیکورٹی بین ویلس نے انکشاف کیا تھا کہ برطانیہ میں بھی مسلمانوں پر کرائسٹ چرچ کے طرز پر حملوں کا خطرہ ہے، دائیں بازو کے شدت پسند گروہ مسلمانوں پر حملے کر سکتے ہیں، اس لیے ہم رائٹ ونگ اور نیو نازی گروپ کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا تھا کہ برطانیہ میں انتہائی دائیں بازو کے لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جس پر برطانوی حکومت کو تشویش ہے، کارڈف میں انتہائی دائیں بازو کے شدت پسندوں کے خلاف آپریشن میں کئی گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔

واضح رہے گذشتہ جمعے کو کرائسٹ چرچ میں 28 سالہ آسٹریلوی شخص برینٹن ٹیرنٹ نے دو مساجد پر حملہ کر کے پچاس مسلمانوں کو شہید کر دیا تھا۔

Comments

- Advertisement -