منگل, ستمبر 8, 2026
اشتہار

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، رجسٹرڈ خواتین کیلیے اہم پیغام

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (13 اگست 2026): بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں رجسٹرڈ خواتین کیلیے ڈیجیٹل والٹ کے حوالے اہم پیغام جاری کر دیا گیا۔

ترجمان بی آئی ایس پی کے مطابق ‏ڈیجیٹل والٹ کیلیے بینظیر سم صرف اور صرف بی آئی ایس پی کے دفاتر سے حاصل کریں، اس کے علاوہ کسی بھی جگہ سے سم حاصل کرنے سے مسائل پیش آ سکتے ہیں۔

خواتین کو آگاہ کیا گیا کہ ‏کسی بھی افواہ، غلط معلومات یا بہکاوے میں نہ آئیں، درست معلومات اور رہنمائی کیلیے اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رابطہ کریں کیونکہ ‏آپ کی حفاظت، سہولت اور شفاف خدمات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے خاتمے سے متعلق خبروں کی حقیقت سامنے آگئی

چند روز قبل چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے ای کچہری میں مستحق خواتین کو ہدایت کی تھی کہ جن خواتین بینفشریز نے ابھی تک بی آئی ایس پی دفتر سے اپنی بینظیر سم مفت حاصل نہیں کی یا کسی اور جگہ سے سم لے رکھی ہے وہ لازماً اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے بینظیر سم مفت حاصل کریں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے ہدایت کی تھی کہ سم حاصل کرنے کیلیے اصل شناختی کارڈ اور اپنا ذاتی موبائل فون ساتھ لائیں اور سم وصول کرتے وقت عملے سے کہیں کہ وہ سم ان کے موبائل فون میں خود نصب کرے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ رقم ڈیجیٹل والٹ میں منتقل ہونے پر متعلقہ بینک کی جانب سے ایس ایم ایس موصول ہوگا جبکہ رقم نکلوانے کے بعد بھی ایک تصدیقی ایس ایم ایس آئے گا جس میں منتقل اور وصول کی گئی رقم کی مکمل تفصیلات درج ہوں گی، یہی ایس ایم ایس ادائیگی کا ثبوت ہوگا جس کی مدد سے خواتین تصدیق کر سکیں گی کہ انہیں مکمل رقم موصول ہوئی ہے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے اس بات پر بھی زور دیا تھا کہ خواتین کسی بھی صورت اپنا موبائل فون ایجنٹ کے حوالے نہ کریں کیونکہ رقم وصول کرنے کیلیے صرف اصل شناختی کارڈ اور بائیو میٹرک تصدیق درکار ہوتی ہے، موبائل فون کی ضرورت نہیں ہوتی۔

انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا تھا کہ اپنا موبائل فون اور موبائل نمبر ہمیشہ اپنے پاس رکھیں تاکہ کوئی شخص ان کے پیغامات یا شکایات سے متعلق معلومات ختم نہ کر سکے، بی آئی ایس پی کے تمام وظائف، سہولیات اور خدمات مکمل طور پر مفت ہیں۔

اہم ترین

یاسین صدیق
یاسین صدیق
یاسین صدیق اے آر وائی نیوز ڈیجیٹل سے منسلک صحافی ہیں۔

مزید خبریں