اسلام آباد (20 ستمبر 2025): بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل جعلی نوٹس کے حوالے سے عوام کو خبردار کر دیا۔
پچھلے چند دنوں سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک نوٹس زیرِ گردش ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین نہ لگوانے والوں کو بی آئی ایس پی ادائیگیاں روک دے گا۔
واضح رہے کہ سروائیکل کینسر یعنی بچہ دانی کے منہ پر بننے والے کینسر سے اپنی آنے والی نسلوں کے بچاؤ کیلیے ملک بھر میں 15 ستمبر سے ایچ پی وی ویکسین لگانے کی قومی مہم شروع ہو چکی ہے۔
بی آئی ایس پی کے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایک جعلی نوٹس کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کر رہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایچ پی وی ویکسین نہ لگوانے والوں کو ادائیگیاں روک دی جائیں گی۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ نوٹس بالکل جعلی ہے، بی آئی ایس پی کا ایچ پی وی ویکسین سے کوئی تعلق نہیں اور کسی مستحق کی ادائیگی نہیں روکی جا رہی۔
عوام سے گزارش کی گئی کہ وہ اس جعلی نوٹس کو نظر انداز کر دیں اور غلط معلومات کے پھیلاؤ سے گریز کریں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



