نئی دہلی(21 جولائی 2026): بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ اور معروف بالی ووڈ اداکار روی کشن نے ’نیٹ 2026‘ کا پرچہ لیک کرنے میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اداکار روی کشن کا کہنا ہے کہ بچوں کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والے عناصر کے خلاف ایسی عبرت ناک مثال قائم کی جانی چاہیے کہ آئندہ کوئی اس کی جرأت نہ کرے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک گرفتار کیے گئے 13 ملزمان کے خلاف اعلیٰ ترین قانونی کارروائی کی جا رہی ہے اور وزیراعظم نریندر مودی نے بھی معاملے میں ملوث افراد کو جلد از جلد سخت سزا دینے پر زور دیا ہے۔
ان کے مطابق وزیراعظم نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے پر سیاست سے بالاتر ہو کر مشترکہ حل تلاش کریں، کیونکہ یہ کسی ایک ریاست کا نہیں بلکہ پورے ملک کا معاملہ ہے۔
اداکار روی کشن نے بتایا کہ وزیراعظم نے حکمران ارکان کو اپوزیشن سے مسلسل رابطے میں رہنے اور پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی کے باوجود دوستانہ ماحول برقرار رکھنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔
دوسری جانب امتحانی پرچہ لیک ہونے کے خلاف مظاہرین اور اپوزیشن کی جانب سے احتجاج میں شدید تلخی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ پیر کو پارلیمنٹ کی جانب مارچ کے دوران مظاہرین اور دہلی پولیس کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔
دہلی پولیس کے مطابق پتھراؤ، توڑ پھوڑ اور رکاوٹیں توڑنے کے نتیجے میں 118 سے زائد پولیس اہلکار اور تقریباً 60 مظاہرین زخمی ہوئے۔ پولیس نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔
اسی دوران اپوزیشن کے وفد نے مرکزی وزیرِ صحت جے پی نڈا سے ملاقات کر کے وفاقی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے فوری استعفے، متاثرہ امیدواروں کے لیے معاوضے اور سماجی کارکن سونم وانگچک کی رہائی کے مطالبات پیش کیے۔
اپوزیشن کا کہنا ہے کہ وزیرِ تعلیم کے استعفے تک احتجاج جاری رہے گا، جبکہ جے پی نڈا نے مظاہرین سے احتجاج ختم کرنے اور مذاکرات کی اپیل کی ہے۔


