بھارت: سوشل میڈیا کی آزادی پر پابندی، اداکار کے خلاف مقدمہ درج

اترپردیش: بھارتیہ جنتا پارٹی کے نومنتخب وزیراعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ پر تنقید کے بعد بی جے پی نے سوشل میڈیا مخالفین کو روکنے کے لیے ریاست کا استعمال شروع کرتے ہوئے بھارتی اداکار سریش کندر کے خلاف مقدمہ درج کروادیا۔
تفصیلات کے مطابق بی جے پی کی جانب سے منتخب کیے گئے وزیر اعلیٰ کو اُن کے ماضی کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اس خدشے کے پیش نظر بی جے پی نے سوشل میڈیا مخالفین کی زبانیں بند کرنے کے لیے ریاستی مشینری کا استعمال شروع کردیا ہے۔
معروف ہدایتکار فرح خان کے خاوند اور اداکاری سے بالی ووڈ میں اپنا لوہا منوانے والے سریش کندر نے گزشتہ دنوں اترپردیش کے نومنتخب وزیراعلیٰ یوگی ادتیہ کے ماضی پر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر تبصرہ کیا تھا۔
فلم جوکر اور تیس مار خان سے شہرت پانے والے بھارتی اداکار کے خلاف بی جے پی کے مقامی رہنما کی درخواست پر حضرت گنج کے علاقے میں آئی ٹی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
حضرت گنج علاقے کے پولیس سربراہ اونیش کمار مشرا نے بی بی سی کو بتایا کہ ٹویٹر پر نامناسب تبصرہ کرنے کے تعلق سے امت کمار تیواری نامی ایک شخص نے شکایت درج کروائی تھی۔ اسی کے پیش نظر شریش کندر کے خلاف آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
بھارتی اداکار نے وزیراعلیٰ کے ماضی پر سخت الفاظ میں تنقید کی تھی اور ایک دوسری ٹویٹ میں انھوں نے کہا تھا ‘اگر یوگی کو چیف منسٹر بنایا جا سکتا ہے تو داؤد ابراہیم کو سی بی آئی (مرکزی تفتیشی بیورو) کا ڈائریکٹر اور وجے مالیہ کو آر بی آئی کا گورنر بھی بنایا جا سکتا ہے۔’
I unconditionally apologise. I never meant to hurt anyones feelings or sentiment.
— Shirish Kunder (@ShirishKunder) March 24, 2017
سوشل میڈیا پر بھارتی اداکار کی رائے سامنے آنے کے بعد تنازعہ شدت اختیار کرگیا تھا اور بی جے پی کے حامیوں نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا تاہم بعد میں انہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں معذرت خواہانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری رائے کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا البتہ اگر کسی کی دل آزاری ہوئی تو اُس سے معافی چاہتا ہوں‘‘، ساتھ ہی انہوں نے اپنے ٹوئٹس بھی ڈیلیٹ کردیے۔