کوئٹہ: سریاب روڈ پر پولیس موبائل کے قریب زور دار بم دھماکے کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوئےجنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سریاب روڈ پر واقع سریاب مل کے قریب پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی کہ اُس کے قریب زور دار دھماکہ ہوا۔ ابتدائی روپورٹ کے مطابق دھماکے میں 2 اہلکار شہید جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوئے ہیں تمام متاثرین کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سریاب روڈ کو ہرقسم کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
پڑھیں: شکار پور میں نماز عید کے دوران خودکش حملہ،10افراد زخمی
ریسکیو کا عملہ بھی جائے وقوعہ پہنچ چکا ہے جبکہ بم ڈسپوزبل اسکواڈ کے عملے کو بھی طلب کرلیا گیا ہے جبکہ شواہد اکھٹےکرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ پولیس حکام نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد ہی تفصیلی آگاہ کیا جائے گا‘‘۔
یاد رہے آج صبح شکارپور میں نماز عید کے دوران خودکش حملے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے تھے، شکارپور کی تحصیل خانپور میں 2 خودکش بمباروں نے امام بارگاہ میں دوران نماز داخل ہونے کی کوشش کی تو سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اُن کو روکنے کی کوشش کی جس کے بعد ایک خود کش حملہ آور نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا اور دوسرا شدید زخمی ہے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔