تازہ ترین

پارہ چنار دھماکا‘ 24 افراد شہید‘ متعدد زخمی

پارہ چنار : کرم ایجنسی کے صدر مقام، پارہ چنار میں ہونے والے بم دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 24 ہوگئی، درجنوں افراد زخمی ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے دارالحکومت پارہ چنار کے علاقے نور مارکیٹ میں دھماکا ہوا‘  پولیٹیکل انتثظامیہ ذرائع کے مطابق یہ کار بم دھماکہ تھا۔

پولیٹکل انتظامیہ  نے شہید ہونے والے افراد کی تعداد کی تصدیق کی ہے اوران کے مطابق زخمیوں کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسزنے  جائےوقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی کیا۔

سیاسی رہنماؤں کی مذمت


وزیراعظم نواز شریف

وزیراعظم نواز شریف نے پارہ چنار دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑ دیا گیا ہے‘ اور بچے کچھے دہشت گردوں کو بھی کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے  گا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے۔ وزیراعظم نے دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدری بھی کیا۔

آصف زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو ہدایات دیں کہ خون کے زیادہ سے زیادہ عطیات دیں۔

انیوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ معصوم انسانوں کو نشانہ بنانے والے ناقابلِ معافی ہیں۔ دہشت گردوں کی نرسریوں کو ختم کرنا ہوگا۔

عمران خان

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی پارہ چنار دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یہ دہشت گردی کی بدترین کارروائی ہے۔

ان کا کہناتھا کہ دہشت گردوں اور امن دشمنوں کے خلاف فیصلہ کن حکمت عملی ناگزیر ہے۔ عمران خان نے ہدایات دیں کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین اور ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔

اس کے علاوہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری‘ سراج الحق ‘ بلاول بھٹو زرداری‘ چوہدری نثاراور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سمیت متعدد شخصیات نے واقعے کی مذمت کی ہے۔

پاک فوج کا ریلیف ہیلی کاپٹر


پاک فوج کے شعبہ نشرواشاعت آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کا ریلیف ہیلی کاپٹرپارہ چنار روانہ کیا جاچکا ہے جو کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرے گا اور شدید زخمیوں کو پشاور منتقل کرے گا۔

اے آروائی نیوز کے بیورو چیف ضیا الحق کے مطابق اس سے قبل جب سبزی منڈی میں دھماکہ ہوا تھا اس وقت بھی پاک فوج کے ریلیف ہیلی کاپٹر نے شدی زخمیوں کو پشاور کے اسپتالوں میں  منتقل کیا گیا تھا۔

سینٹرسجاد طوری کی مذمت


کرم ایجنسی سے تعلق رکھنے والے سینٹر سجاد طوری نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتےہوئے کہا کہ یہ کار بم دھماکہ ہے‘ ان کے مطابق زخمیوں کی تعداد چالیس کے قریب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سےپہلے بھی یہاں دھماکے ہوتے رہے ہیں اور اگر پہلے ہی یہاں کی سیکیورٹی پر توجہ دی جاتی تو دوبارہ یہ افسوسناک واقعہ پیش نہیں آتا۔


سبزی منڈی میں دھماکہ 24 افراد جاں بحق، 40 افراد زخمی


 ذرائع کا کہناہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر پارہ چنار اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

بتایا جارہے کہ کچھ زخمیوں کی حالت قدرے تشویش ناک ہےجنہیں پشاور منتقل کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

یاد رہے کہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا کی کرم ایجنسی کے علاقے پارا چنار میں رواں سال جنوری میں  ہونے والے  دھماکے کے نتیجے میں 24  افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوئےتھے۔

پارہ چنارہ کا محلِ وقوع


پاکستان کے وفاق کے زیر انتظام فاٹا کرم ایجنسی کا صدر مقام پارہ چنار جو پشاور سے 80 میل کے فاصلے پر مغرب کی طرف کوہ سفید کے دامن میں واقع ہے۔ یہاں سے درہ پیوار سے ہو کر افغانستان کو راستہ جاتا ہے۔

Comments

- Advertisement -
فواد رضا
فواد رضا
سید فواد رضا اے آروائی نیوز کی آن لائن ڈیسک پر نیوز ایڈیٹر کے فرائض انجام دے رہے ہیں‘ انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ تاریخ سے بی ایس کیا ہے اور ملک کی سیاسی اور سماجی صورتحال پرتنقیدی نظر رکھتے ہیں