لاہور : انویسٹی گیشن پولیس نے لاہور میں اندھے قتل کا سراغ لگا کر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزم نے ذاتی رنجش پر اپنے سالے کے ہمراہ واردات کی اور فرار ہوگیا۔
تفصییلات کے مطابق لاہور کے علاقے سندر میں پولیس نے اندھے قتل کی واردات کا ڈراپ سین کر دیا، انویسٹی گیشن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول نے ملزم مجید کی بیوی کے ذہن میں غلط فہمیاں پیدا کرکے اسے اپنی جانب راغب کر رکھا تھا جس کے باعث اس کی اپنے شوہر سے آئے دن تلخ کلامی ہوتی رہتی تھی۔
گزشتہ دنوں لڑائی جھگڑے کے بعد ملزم مجید کی بیوی ناراض ہوکر میکے چلی گئی تھی، جس کا ملزم کو شدید رنج تھا۔
بعد ازاں میاں بیوی میں صلح ہونے کے بعد جب اصل حقائق واضح ہوئے تو ملزم نے مقتول کے قتل کا منصوبہ بنایا، ملزم نے اپنے سالے کے ساتھ مل کر اے جان سے مارنے کا منصوبہ بنایا اور موقع پا کر مقتول کو چھریاں مار کر قتل کرکے فرار ہوگئے۔
گرفتار ملزمان میں مرکزی ملزم مجید اور اس کا سالہ صابر شامل ہیں، پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔