(17 جون 2026): امریکی خبر رساں ادارے بلومبرگ امریکا ایران مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) فریم ورک کے 14 نکات سامنے لے آیا۔
بلومبرگ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایران تاریخی ایم او یو پر دستخط جمعہ کو ہوں گے، پاکستان کی میزبانی میں تقریب سوئٹزرلینڈ کے برگن اسٹاک میں ہوگی۔
امریکی خبر رساں ادارے کی جانب سے جو 14 نکات سامنے لائے گئے ہیں ان کے مطابق امریکا اور ایران نے 60 روز میں حتمی معاہدے تک پہنچنے اور پابندیوں اور جوہری امور پر ابتدائی اتفاق کر لیا۔
بلومبرگ کے مطابق لبنان سمیت تمام محاذوں پر مکمل جنگ بندی ہوگی، تمام فریق اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے، حتمی معاہدے میں افزودہ جوہری مواد کی شقیں شامل ہوں گی، 30 دن کے اندر بحری ناکہ بندی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، آبنائے ہرمز میں امریکی فوج کی تعداد نہیں بڑھائی جائے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکا نے ایران سے پابندیاں مرحلہ وار اٹھانے کا وعدہ کیا ہے، منجمد اثاثوں کی بحالی اور تیل کی برآمدات کی مکمل اجازت ہوگی، تجارت اور توانائی کے تمام روٹس مکمل بحال کیے جائیں گے۔
دوسری جانب، سی این این نے دعویٰ کیا کہ امریکا ایران کی بحالی کیلیے 300 ارب ڈالر کے پیکج کا اعلان کرے گا۔


